منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی
06-10-2023
(لاہور نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں وزیرِاعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ مقدمے میں سلیمان شہباز سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اس کیس کا ریکارڈ کہاں پر ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا ریکارڈ پہلے چالان کے ساتھ لگا ہوا ہے۔ جج بخت فخر نے کہا کہ تمام ریکارڈ نہیں ہے، اس مقدمے کی انویسٹی گیشن کس افسر نے کی تھی، تفتیشی افسر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش کی تھی، مرکزی تفتیشی افسر علی مردان تھا جو آج کل کراچی تعینات ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ بیمار ہیں اس وجہ سے پراسیکیوٹر آج پیش نہیں ہوئے۔ شریک 3 ملزمان کے وکلاء اور پراسیکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے کارروائی 24 جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے وکلاء کو طلب کر لیا۔