مطالبات پورے نہ ہونے پر پی ایم ایس افسران نے احتجاج کا اعلان کر دیا
06-10-2023
(ویب ڈیسک) پی ایم ایس آفیسرز ایسوسی ایسوسی ایشن پنجاب کا اجلاس 9 جون 2023 کو لاہور میں منعقد ہوا۔ پنجاب بھر سے کثیر تعداد میں افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، جسے DMG/PAS کے افسران کنٹرول کرتے ہیں، کے پی ایم ایس کی طرف معاندانہ رویے پہ انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
پورے پنجاب میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر پروموشن بورڈ منعقد کیے گئے لیکن گریڈ 18 1ور 19 کی سینکڑوں آسامیاں خالی ہونے کے باوجود پی ایم ایس افسران کی ترقیاں نہیں کی جا رہیں۔ یہ رویہ نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ غیر قانونی بھی ہے جس کی شدید مذمت کی گئی۔ مزید براں پی ایم ایس کے پروموشن کورسز کے بارے میں ایس اینڈ جی اے ڈی کی پی ایم ایس ایسوسی ایشن کو دی گئی یقین دہانیوں کے باوجود DMG/PAS افسران اس پر عملدرامد کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے پچھلے ایک سال کے دوران بارہا چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری سروسز کو زبانی اور تحریری طور پر پروموشن ٹریننگ کے بارے باور کروایا کہ اگلے سالوں میں آسامیاں ہوں گی مگر افسران لمبی نوکری کے باوجود محض اسلئے ترقی حاصل نہیں کر سکیں گے کہ انہوں نے ٹریننگ نہیں کی۔ اسلئے فوراً ٹریننگز کروائی جائیں مگر ارباب اختیار ٹس سے مس نہ ہوئے۔ نتیجتاً آج گریڈ 20 کی بے شمار آسامیاں موجود ہونے کے باوجود پی ایم ایس افسران ترقی سے محروم ہیں۔ ان حالات میں آج کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے پی ایم ایس افسران DMG/PAS کے رویے کے خلاف سیاہ پٹیاں باندھ کر، اپنے تمام فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے، پر امن خاموش احتجاج شروع کریں گے ۔ مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کے دیگر راستے اپنانے کیلئے دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔