کیا آپ جانتے ہیں شعیب اختر کی شادی کیسے ہوئی؟ فاسٹ باولر نے قصہ بیان کردیا

06-09-2023

(ویب ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے مداحوں کو اپنی شادی سے متعلق قصہ بیان کردیا۔

تفصیلات کےمطابق اپنے ایک انٹرویومیں شعیب اختر نے اپنی شادی سے متعلق دلچسپ واقعہ سُناتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں خود بھی نہیں معلوم تھا کہ ان کی شادی کس سے کب اور کس طرح ہوگئی؟شعیب اختر نے بتایا کہ میری والدہ اور اہلیہ کی والدہ کی ملاقات حج کے دوران ہوئی، جہاں ساس نے میری والدہ کی خوب خدمت کی کیونکہ وہ انہیں کوئی پیرنی سمجھ رہی تھیں۔ شعیب اختر کے مطابق والدہ نے ان کی ساس کی غلط فہمی دور کی اور انہیں بتایا کہ وہ قومی کھلاڑی کی والدہ ہیں اس لئے لوگ ان سے اتنی عقیدت سے مل رہے ہیں۔سابق فاسٹ باؤلر کا بتانا تھا کہ حج سے واپسی پر کھانے کی ایک تقریب میں میری والدہ نے مجھے خاتون سے ملوایا اور کہا کہ یہ تمہاری ہونے والی بیوی ہے اور میں نے کہا ٹھیک ہے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنی والدہ کو کسی بھی چیز کیلئے  انکار  نہیں کیا اس لئے وہ ان کی مرضی کی خاتون سے شادی کیلئے بھی فوری تیار ہوگئےتھے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی شادی 10 سے 15 افراد کی موجودگی میں سادگی سے ہوئی ،نکاح ہوا اور وہ اہلیہ کو رُخصت کر کے گھر لے آئے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ ایک نفیس خاتون ہیں اور وہ میڈیا پر آنا پسند نہیں کرتیں جبکہ پردے کا بھی خیال کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی فیملی میڈیا سے دور رہتی ہے۔یاد رہے کہ شعیب اختر 2014 میں ایک نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ان کے 2 بیٹے بھی ہیں۔