ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کیخلاف فیصل ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن

06-09-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں اور قبضہ مافیا کے خلاف فیصل ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن کیا۔

 شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات، بغیر منظوری کمرشل سرگرمیاں اور قبضہ مافیا کے خلاف ہفتے میں تیسرا گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ، ہاؤسنگ اور انفورسمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ شاہ میر اقبال کی سربراہی میں آپریشن کیا۔ گرینڈ آپریشن میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر متعدد دکانیں اور کمرشل املاک مسمار کر دیں۔ غیر قانونی تعمیر شیڈز اور تھڑے بھی توڑ دئیے گئے۔ آپریشن میں 25 سے زائد املاک سربمہر، ایک ریستوران سیل کیا گیا۔ جیل روڈ اور جوہر ٹاؤن جی ون مارکیٹ کے بعد ایل ڈی اے ایونیو ون میں تعمیرات مسمار اور سربمہر کر دی گئیں۔ ایل ڈی اے ایونیو ون میں 20 سال سے قبضہ مافیا کے زیر استعمال کروڑوں روپے کی زمین واگزار کروا لی گئی۔ ایل بلاک میں 18 کنال رقبے کے اطراف قائم غیر قانونی باؤنڈری وال بھی مسمار کر دی گئی۔ ایونیو ون سکیم کے مین بلیوارڈ پر 20 سے زائد املاک سیل اور 35 سے زائد املاک سے تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔ آپریشن کے موقع پر چیف ٹاؤن پلانر شکیل انجم منہاس، ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ اظہر علی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔