مہنگائی کا جن بے قابو، گوشت کھانا عوام کیلئے خواب بننے لگا

06-09-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے، رواں مالی سال میں مہنگائی کا جن کسی کے قابو میں نہ آیا، گوشت کھانا متوسط طبقے کیلئے خواب بن گیا۔

مالی سال 23-2022 میں مہنگائی کی شرح  میں نمایاں اضافہ ہوا، مٹن، بیف اور پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار کم چڑھاؤ زیادہ دیکھنے کو ملا۔ سال بھر میں برائلر گوشت 400 سے بڑھ کر 650 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، فارمی انڈے 174 روپے سے 250 روپے فی درجن  تک  جا پہنچے ،بیف 650 سے بڑھ کر ایک ہزار روپے فی کلو ہو گیا، سال بھر میں مٹن 1600  روپے سے بڑھ کر 2000 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔ عوام  کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں پریشان کن اضافہ ہوا ہے، آمدنی بڑھ نہیں رہی اور مہنگائی میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے ،مہنگائی میں ہوشربا  اضافے سے عام آدمی پر بوجھ بڑھتا چلا جا رہا ہے اور دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔