تنخواہیں ، پنشن مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں، سرکاری ملازمین کا مطالبہ

06-09-2023

(ویب ڈیسک) دارالحکومت میں سرکاری ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ ملازمین نے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔

دھرنے میں شریک سرکاری ملازمین نے ہاؤس رینٹ، کنوینس اور میڈیکل الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں ملازمین شریک ہیں۔ سرکاری ملازمین نے مختلف محکموں کے درمیان تنخواہوں میں فرق دورکرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ملازمین نے 2 روزسے وفاقی سیکرٹریٹ کا مرکزی گیٹ بند کررکھا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی اتحادی حکومت آج مالی سال 24-2023ء کا 14 ہزار 500 ارب روپے مالیت کا بجٹ پیش کرے گی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نئے بجٹ میں تنخواہوں، پنشن میں مناسب اضافے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔