ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، محسن نقوی کی بطور مہمان خصوصی شرکت
06-09-2023
بیدیاں (لاہور نیوز) ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس میں پاس آؤٹ ہونیوالے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بیدیاں روڈ میں منعقد ہوئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بطور مہمان خصوصی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک ہوئے، تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمانڈنٹ ایلیٹ سینٹر کرنل (ر) نوید، ایلیٹ فورس کے اہلکار، فیملیز اور شہداء کی فیملیز شریک ہوئیں۔ تقریب میں کورس 24 کے پاس آؤٹ ہونیوالے جوانوں نے دہشتگردی سے نمٹنے، جوڈو کراٹوں اور آگ سے گزرنے کی مشقوں کا شاندار عملی نمونہ پیش کیا اور سلامی پیش کی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، ایلیٹ فورس کے 24 ویں کورس میں پاس آؤٹ ہونے والے ایلیٹ فورس کے جوانوں سے حلف بھی لیا گیا، محسن نقوی نے کورس میں بہترین کارکردگی کے حامل جوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔ کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کرنل (ر) نوید نے بتایا کہ رواں سال پاس آوٹ ہونے والوں میں 542 مرد جبکہ 39 خواتین شام ہیں، ہر سال چار ہزار کے قریب ایلیٹ فورس اہلکار اس سکول سے تربیت حاصل کر کے نکلتے ہیں، ایلیٹ فورس ہمیشہ ملک اور قوم کی حفاظت کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سکول بہت کم وقت میں جوانوں کو قوم کی حفاظت کے لیے تربیت پیش کرتا ہے، ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ اب تک ڈولفن پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں کی بھی تربیت کر چکا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پولیس کو حوصلہ دیا، ،نگران وزیراعلی پنجاب نے الیکشن کمیشن کی اجازت سے پولیس سیکورٹی اداروں میں پروموشنز کیں، تمام پولیس سکیورٹی اداروں میں بنیادی سٹرکچر کو بھی ٹھیک کرنے میں معاونت کی، جب تک ہمارے ہاتھ سلامت ہیں ہم تب تک پاکستانیوں کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس سکیورٹی فورسز کو بہترین بنانے کے لیے بہت کام کیا، پولیس سکیورٹی فورسز کو مزید بہتر بنانے کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے، اس سال پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاس آؤٹ ہونے والے تمام جوانوں سے امید ہے کہ وہ محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔