کاہنہ: سیف سٹیز اتھارٹی کی نشاندہی پر طالبہ کو ہراساں کرنیوالا اوباش گرفتار
06-09-2023
(لاہور نیوز) سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس نے کاہنہ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے طالبہ کو ہراساں کرنے والے اوباش کو دھر لیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ملزم عابد نے سکول سے واپسی پر گلی سے گزرتی معصوم طالبہ کو ہراساں کیا تھا،سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس نے کیمروں کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کی، ملزم عابد کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کاہنہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایس پی عبدالحنان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، خواتین سے دست درازی میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، معاشرتی اقدار اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کسی بھی ایمرجنسی میں پولیس کی فوری مدد کیلئے ویمن سیفٹی ایپ انسٹال کریں، شہری اپنے ارد گرد مشکوک افراد پر نظر رکھیں۔