تھانہ حملہ کیس، یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت 12 جون تک ملتوی

06-09-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شادمان حملہ کیس میں سیاسی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان کی بعد از گرفتاری کی درخواست ضمانت پر سماعت 12 جون تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے یاسمین راشد و دیگر 34 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر اسلام آباد ہے اور کیس کا ریکارڈ اس کے پاس ہے، عدالت آج مقدمہ میں ملوث ملزمان کی ضمانتوں کی درخواست میں تاریخ دے دے۔ بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ضمانتوں پر سماعت 12 جون ملتوی کر دی، واضح رہے ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل میاں تبسم دلائل مکمل کر چکے ہیں، سابق صوبائی وزیر سمیت 34 ملزمان نےضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست  دائر کر رکھی ہے۔ یاد رہے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان پر تھانہ شادمان نے مقدمہ نمبر 768/23 درج کر رکھا ہے، ملزمان پر تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کا الزام ہے۔