جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شرپسند کی شناخت، شرمناک اعترافات

06-09-2023

(لاہور نیوز) نو مئی کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی، شرپسند ارضم جنید لاہور کا رہائشی اور پاکستان تحریک انصاف کا متحرک کارکن ہے۔

نو مئی کو ارضم جنید نے اعلیٰ عسکری قیادت کے افسران کے نام لے کر ہرزہ سرائی کی اور افواج پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی کی، شرپسند ارضم نے لوگوں کو اکسایا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے۔ شرپسند ارضم جنید نے اعتراف کیا ہے کہ جب چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کیا گیا تو زمان پارک میں پہلے سے طے شدہ منصوبہ کے تحت کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا گیا، جب سے پی ٹی آئی حکومت ختم ہوئی تب سے چیئرمین پی ٹی آئی کا بیانیہ فوج کے شدید خلاف تھا جو کہ لوگوں کے دلوں میں بیٹھ چکا تھا ان لوگوں میں میں بھی شامل تھا۔ ملزم نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، حسان نیازی اور اعجاز چودھری نے ہمیں مزید اکسایا، پی ٹی آئی قیادت ہمیں حملہ کرنے کے لئے کورکمانڈر ہاؤس کی طرف لے کر گئی، ان حملوں میں پاک فوج نے ہمیں ذرہ بھر بھی نقصان نہیں پہنچایا۔