جناح ہاؤس حملے پر گرفتار خدیجہ شاہ کو امریکی قونصل تک رسائی دے دی
06-08-2023
(لاہور نیوز)9 مئی کو جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار ہونے والی خدیجہ شاہ کو امریکی قونصل تک رسائی دے دی گئی۔
امریکی قونصل خانے کے نمائندوں نے خدیجہ شاہ سے جیل میں ملاقات کی، خدیجہ شاہ سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی، اس دوران خدیجہ شاہ کی رہائی سے متعلق قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ کی دہری شہریت کی وجہ سے امریکی سفارتخانے نے قونصلر رسائی کی درخواست کی جو وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے جس پر وزارتِ داخلہ نے امریکی قونصل جنرل لاہور کو خدیجہ شاہ تک رسائی کی اجازت دی۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔