پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے حرم ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا ہے، ترجمان مذہبی امور
06-08-2023
(ویب ڈیسک) ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے حرم ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، حرم آمد و رفت کیلئے عازمین کرام کو فی الوقت 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق حج سے قبل عازمین حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی، عازمین کرام کو عزیزیہ اور بطحا قریش نامی بستیوں میں ٹھہرایا گیا ہے، مکہ مکرمہ میں عازمین کیلئے انتظامی لحاظ سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ حرم کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس سٹاپس بنائے گئے ہیں، عازمینِ حج کی رہنمائی کیلئے حرم کے داخلی و خارجی راستوں پر 28 حرم گائیڈز تعینات ہیں، نماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت حج مشن کے دیگر شعبہ جات کے معاونین بھی حرم گائیڈ کی ڈیوٹی دینگے۔ ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کی تعداد 50 ہزار 603 ہو گئی، مذہبی امور مکہ میں عازمینِ حج کی تعداد 35 ہزار 693 ہو گئی، نجی سکیم کے 4 ہزار عازمین بھی موجود ہیں، مدینہ منورہ میں سرکاری عازمینِ حج کی تعداد 14 ہزار 910 رہ گئی۔