عوامی رکشہ یونین ہوشربا مہنگائی کے خلاف پھر سڑکوں پر آ گئی
06-08-2023
(لاہور نیوز) بڑھتی مہنگائی کیخلاف عوامی رکشہ یونین ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئی۔ ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں عوامی رکشہ یونین نے احتجاج کیا۔
سیکڑوں رکشہ ڈرائیورز نے اس بار ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں احتجاجی میدان لگایا اور نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے کی۔ مجید غوری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود غریب کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ ٹریفک پولیس والے رکشہ ڈرائیورز کے ناجائز چالان کر دیتے ہیں۔ انصاف ملنے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ رہی سہی کسر ناجائز چالان نکال دیتے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا حکومت نے پٹرول کی قیمت کم کی لیکن غریب کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ کوئی چیز بھی حکومتی نرخوں پر دستیاب نہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ گھروں میں آرام کر رہے ہیں۔ بڑھتی مہنگائی نے فاقوں پر مجبور کر دیا ہے۔ عوامی رکشہ یونین کے احتجاج کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں ٹریفک روانی بھی متاثر رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔