پنجاب میں نگران حکومت کے خاتمے کی درخواست پر تحریری حکم جاری

06-08-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں نگران حکومت ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے سے متعلق درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نگران حکومت ختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیخ رشید کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا،  درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ14 مئی کو الیکشن کرانے کے عدالتی حکم کے بعد موجودہ نگران حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے،90  دن سے زائد کوئی بھی نگران سیٹ اپ نہیں رہ سکتا، موجودہ نگران پنجاب حکومت غیرآئینی اور غیر قانونی طور پر کام کررہی ہے۔ تحریری حکم کے مطابق وکیل نے استدعا کی کہ نگران حکومت ختم کرکے تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے، سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے  مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے تحریری حکم میں الیکشن کمیشن ، وفاقی حکومت اور نگران پنجاب حکومت کو 27جون تک جواب جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا۔