منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو کیش کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع

06-08-2023

(ویب ڈیسک) حکومت نے منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو کیش کروانے کی آّخری تاریخ میں توسیع کردی۔

سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کے پیش نظر 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کو کیش  کروانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے ان کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کرواسکے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کروانے یا تبادلے کے لیے درج ذیل آپشنز دیئے ہیں، ان میں ظاہری مالیت پر نقد کروانا، ان بانڈز کی 25,000 روپے اور 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی، انہیں سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا شامل ہیں۔ ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔ سٹیٹ بینک کیجانب سے اس حوالے سے کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کروانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، مذکورہ بانڈز کو رکھنے والے افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کو 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کروا لیں۔ سٹیٹ بینک کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کا تبادلہ نہیں کروایا جا سکے گا۔