بیٹیاں نہ ہونے کا بیان دینے پرکردار کشی کی گئی:اداکارہ صاحبہ

06-08-2023

(ویب ڈیسک) اداکارہ صاحبہ کا کہنا ہے کہ انہیں بیٹیاں نہ ہونے پر شکرانے ادا کرنے کے بیان پر آن لائن سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، یہاں تک کہ ان کی کردار کشی کی گئی اور ان کے بیٹوں کو بد دعائیں دی گئیں۔

اداکارہ صاحبہ حال ہی میں شوہر ریمبو (جان افضل) کے ہمراہ ایک ٹاک شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی آن لائن بدسلوکی پر کھل کر بات کی۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ ایک سال قبل انہوں نے جو ندا یاسر کے شو میں بیٹیوں سے متعلق بیان دیا تھا، اس پر انہیں کیا کہا گیا؟ اداکارہ سے قبل ان کے شوہر ریمبو نے جواب دیا کہ دراصل جب ان کے ہاں بچے ہوئے ہی نہیں تھے تب بھی ان کی اہلیہ اس بات کو سوچ کر رو پڑتی تھیں کہ کہیں انہیں بیٹی نہ ہو، کیونکہ بطور ماں وہ بیٹیوں کے دکھ اور درد برداشت کرنے جتنی بہادر نہیں۔ ریمبو کا کہنا تھا کہ دراصل ان کی اہلیہ نے بیٹیاں پیدا نہ ہونے پر اس لیے شکرانے ادا کیے تھے کہ دونوں میاں بیوی بیٹیوں کے نصیبوں سے متعلق سوچ کر پریشان ہوجاتے ہیں، کیونکہ انہیں شادی کرکے دوسرے گھر جانا ہوتا ہے۔ اسی دوران صاحبہ نے کہا کہ ان کے مقابلے ریمبو اتنے نرم دل ہیں کہ وہ کسی بھی لڑکی کی شادی پر رو دیتے ہیں۔ ریمبو نے انکشاف کیا کہ آج تک ان کے خاندان کی جتنی بھی لڑکیوں کی شادیاں ہوئی ہیں، وہ ان کی شادیوں پر روتے ہیں، کیونکہ بیٹیاں گھر چھوڑ کر دوسرے گھر چلی جاتی ہیں۔ پروگرام کے دوران ریمبو نے کہا کہ ان کے خیال میں جس گھر میں بیٹی پیدا نہیں ہوتی، وہ گھر مکمل ہی نہیں ہوتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ انہیں بیٹیوں کے نصیبوں سے متعلق سوچ کر ڈر لگتا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ بیٹے اس وقت تک والدین کے ہوتے ہیں جب تک ان کی بیویاں ان کے پاس نہیں آجاتیں لیکن بیٹیاں شادی کے بعد بھی اس وقت تک والدین کی رہتی ہیں جب تک والدین زندہ رہتے ہیں۔ اسی دوران صاحبہ نے کہا کہ ان کی جانب سے بیٹیوں کی پیدائش پر شکرانے کرنے کا مطلب غلط لیا گیا، انہوں نے یہ بات موجودہ حالات اور بیٹیوں کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کو دیکھ کر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سماج میں بیٹیوں کو اپنی خواہشات کو پورا نہیں کرنے دیا جاتا، اگر وہ پڑھنا چاہتی ہیں تو ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے اور جو ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں ان کے راستے روکے جاتے ہیں۔ صاحبہ نے کہا کہ انہوں نے بیٹیاں نہ ہونے پر شکرانے کرنے کی بات اپنی سوچ کے مطابق کہی تھی، انہوں نے مذکورہ بات کو دوسرے الفاظ میں چھپا کر نہیں کیا، اس وجہ سے لوگوں کو برا لگا جبکہ ان کا مطلب بھی غلط لیا گیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ان کے بیان کے بعد ان کی کردار کشی کی گئی جبکہ ان کے بیٹوں کو بھی بد دعائیں دی گئیں۔ خیال رہے کہ صاحبہ نے اپریل 2022 میں ندا یاسر کے شو میں موجودہ حالات میں لڑکیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے پس منظر میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں شوق تھا کہ ان کے بیٹے ہی ہوں اور ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیا کہ اس زمانے میں خدا نے انہیں بیٹیاں نہیں دیں۔