جہانگیر ترین نے نئی جماعت کا اعلان کر دیا، سابق سینئر پی ٹی آئی رہنماؤں کی شمولیت

06-07-2023

(لاہور نیوز) جہانگیر ترین نے نئی جماعت "استحکام پاکستان پارٹی" کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا جس کے بعد پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر نئی سیاسی پارٹی کا اضافہ ہو گیا ہے۔

جہانگیر ترین نے نئی جماعت کا اعلان عبدالعلیم خان کے گھر عشائیہ کے موقع پر کیا جس کے بعد سو کے قریب سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے نئی جماعت میں شمولیت بھی اختیار کر لی۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزرا علی حیدر زیدی، عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان اور محمود مولوی نے نئی جماعت کو جوائن کر لیا ہے۔ سابق صوبائی وزرا فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مراد راس، جے پرکاش، فاٹا سے جی جی جمال، خیبرپختونخوا سے اجمل وزیر، نعمان لنگڑیال اور نوریز شکور بھی نئی جماعت میں شامل ہو گئے۔ تمام سیاسی رہنماؤں نے جہانگیر ترین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، عشائیے میں عون چودھری، عبدالعلیم خان سمیت کئی رہنما موجود تھے۔