گریڈ بیس کے اساتذہ ڈسپیرٹی ریڈکشن مہنگائی الاؤنس کے حصول کے لیے میدان میں آ گئے

06-07-2023

(لاہور نیوز) گریڈ بیس کے اساتذہ ڈسپیرٹی ریڈکشن مہنگائی الاؤنس کے حصول کے لیے میدان میں آ گئے۔ مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں احتجاج کا بھی کہہ دیا۔

سینئر کالجز اساتذہ نے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ میں پریس کانفرنس کی۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ وفاقی اور دیگر ملازمین کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ ملازمین ڈیڑھ سو فیصد تک الاؤنس لے رہے ہیں۔ دیگر محکموں کے ملازمین چالیس فیصد تک ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس لے رہے ہیں۔ اساتذہ نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے گریڈ 20 اساتذہ محض چند سو روپے الاؤنس لے رہے ہیں۔ گریڈ انیس سے بیس میں ترقی پانے پر ملازمین کو 39 ہزار تک تنخواہ میں کمی کاسامنا ہے۔ 40 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس دیا جائے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ چالیس فیصد الاؤنس کے لیے دو سال سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ مطالبہ نہ مانا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔