تاجروں نے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا

06-07-2023

(لاہور نیوز) تاجروں نے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر اور تاجر رہنماؤں نے ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ نعیم میر کا کہنا تھا کہ تاجر برادری مہنگا ترین یونٹ خرید کر اپنا کاروبار چلا رہی ہے۔ مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے سے شدید مالی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔ کیا مارکیٹیں جلدی بند کرنے سے لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی؟ حکومت تاجر برادری کو احتجاج پر مجبور نہ کرے۔ تاجر رہنما سہیل بٹ کا کہنا تھا کہ تاجر برادری پہلے ہی مسائل کا شکار ہے۔ نگران حکومت تجاوزات کے نام پر مارکیٹوں میں توڑ پھوڑ کا سلسلہ بند کرے۔ حکومت آسان شرائط پر قرضے دے تاکہ تاجر اپنا کاروبار سولر سسٹم پر منتقل کر سکیں۔ تاجر رہنماؤں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو تاجر برادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔