دنیا میں بجٹ آنے پر لوگ خوش مگر ہمارے لیے دہشت ناک دن ہوتا ہے: سراج الحق

06-07-2023

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نو مئی کو لاہور میں جلاؤ گھیراؤ کا واقعہ ہوا تو لوگوں نے ہمارا احتساب کیا اور ہمیں کہا اگر آپ نوجوانوں کی تربیت کرتے تو نو مئی کے واقعہ میں توڑ پھوڑ نہ ہوتی۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق 17 بلین ڈالر پاکستان میں مراعات یافتہ طبقہ کھا جاتا ہے، 7 ارب پاکستان میں روزانہ کرپشن ہوتی ہے، ہماری حکومت اس بجٹ میں ایسا نظام وضع کر لے کہ کرپشن کا خاتمہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا جس کی ایک لاکھ سے کم تنخواہ ہو وہ ٹیکس سے مستثنیٰ ہو، دنیا میں جب بجٹ پیش ہوتا ہے تو لوگ خوش ہوتے ہیں اور جب ہمارے ملک میں بجٹ پیش ہوتا ہے تو وہ دہشت ناک و المناک دن ہوتا ہے، بجٹ کے وقت ہماری حکومت تاجر، زراعت ماہر، کارخانوں و مزدوروں کے ساتھ مشاورت نہیں کرتی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ حکومت کے سامنے عوامی تجاویز نہیں بلکہ اصل آرڈر آئی ایم ایف کا ہوتا ہے، اگر اسحاق ڈار بجٹ پیش کرنا چاہتے ہیں تو وفاقی شرعی عدالت کے مطابق سود فری بجٹ پیش کریں، پاکستان میں بجٹ پیش ہونے کے بعد بھی ہر دن بجٹ کا ہوتا ہے۔