پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خوراک کے تحفظ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

06-07-2023

(لاہور نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خوراک کے تحفظ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ تحفظ خوراک دراصل انسانی صحت کے تحفظ کا ضامن ہے۔

معیار زندگی کا سب سے اہم پیمانہ صحت ہی کو مانا جاتا ہے۔ 7 جون کو دنیا بھر میں تحفظ خوراک کے عالمی دن کے طور پرمنایا جاتا ہے۔ اس سال کا تھیم (Food Standards Save lives) یعنی معیاری خوراک زندگیوں کی ضامن رکھا گیا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ہر انسان کی مناسب، بھر پور اور بہتر غذا تک رسائی ہے۔ غذائی قلت سے متاثرہ نسل کمزور اور لاغر بچوں کو جنم دے کر آئندہ نسلوں کو بھی پیدائشی طور پر کمزور بنا دیتی ہے۔ کیا ستم ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال ایک اعشاریہ تین ارب ٹن کھانا ضائع ہو جاتا ہے جس کی مالیت ایک کھرب امریکی ڈالر بنتی ہے۔ مجموعی طور پر سیر شکم دنیا، یومیہ 35 لاکھ ٹن خوراک ضائع کر رہی ہے اور دوسری جانب آدھی دنیا ایک ایک لقمہ کو ترس رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر گھر میں اور ہر جگہ ضرورت کے مطابق ہی پکایا جائے اور اگر ایک لقمہ بھی زائد  ہے تو اسے اس شکم تک پہنچایا جائے جسے اس کی اشد ضرورت ہے۔ یہی جذبہ آنے والے وقت میں ہمیں بڑے عالمی غذائی بحران سے بچا سکتا ہے۔