خسارے کا شکار محکمہ ریلوے کی قیمتی تنصیبات عدم توجہی کا شکار

06-07-2023

(لاہور نیوز) خسارے میں ڈوبے محکمہ ریلوے کی قیمتی تنصیبات عدم توجہ کا شکار ہیں، لوکو شیڈ میں لگے ٹرن ٹیبل کی الیکٹرک موٹریں اور پینین چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ریلوے لوکو شیڈ لاہور میں دو سال قبل لگایا جانے والا ٹرن ٹیبل 6 ماہ بعد بھی نہیں چل سکا، لوکو شیڈ میں انجن کا رخ تبدیل کرنے کے لئے ٹرن ٹیبل لگایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ٹرن ٹیبل کی الیکٹرک موٹریں اور پینین چوری ہو گئے ہیں، فورمین کی جانب سے پہلی رپورٹ میں 41 پینین چوری ہونے کا انکشاف کیا گیا جبکہ دوسری رپورٹ میں پینین کی تعداد 67 بتائی گئی ہے، ریلوے انتظامیہ نے 41 پینین چوری ہونے کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، چوری شدہ سامان کی قیمت 50 لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا کر معاملے کو دبا دیا ہے،ریلوے افسران بھی بڑی چوری پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں،ڈیوٹی افسروں اور ملازمین کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ پینین چوری ہونے کے معاملے کی انکوائری کی جارہی ہے،  ذمہ داروں  کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔