انڈین حکومت نے ساف کپ میں پاکستان کی میزبانی کیلئے کلیئرنس دیدی
06-07-2023
(ویب ڈیسک) انڈین حکومت نے اس ماہ ساف کپ میں پاکستان کی میزبانی کے لیے انڈین فٹبال حکام کو کلیئرنس دے دی۔
ذرائع کے مطابق آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو آگاہ کردیا ہے کہ بھارتی حکومت کی تمام متعلقہ وزارتوں نے پاکستان فٹبال ٹیم کی بنگلور آمد کی کلیئرنس دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی جانب سے پی ایف ایف کو باضابطہ دعوت نامے کے ساتھ انڈین سپورٹس، داخلہ اور خارجہ کی وزارتوں سے کلیئرنس کے خطوط بھی بھجوائے گئے ہیں۔ اے آئی ایف ایف نے یہ دستاویزات اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن اور پھر پی ایف ایف کی درخواست پر ماریشس میں انڈین ہائی کمیشن کو بھی بھیج دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم 4 ملکی ٹورنامنٹ کے لیے کل ماریشس روانہ ہوگی اور وہیں سے وہ انڈین ویزا اپلائی کردے گی۔ تاہم انڈیا کی فلائٹ پر سوار ہونے سے قبل پاکستان فٹبال ٹیم کو پاکستانی حکومت کی کلیئرنس بھی درکار ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے ماریشس میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت تو دے دی ہے تاہم انڈیا میں ساف کپ میں شرکت پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔