ڈریپ نے 4 غیر ملکی کارڈیک سٹنٹس کی قیمتوں کا تعین کر دیا

06-07-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان میں 4 غیر ملکی کارڈیک سٹنٹس کی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا، جس میں 2 امریکی، ایک جاپانی، ایک اٹلی، ترکش سٹنٹ شامل ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے غیر ملکی کارڈیک سٹنٹس کی قیمتوں کا تعین کر دیا، 4 غیر ملکی کارڈیک سٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈریپ کی جانب سے 2 امریکی، ایک جاپانی، ایک اٹلی، ترکش سٹنٹ کی ایم آر پی مقرر کی گئی، سٹنٹ پرائس کی منظوری ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی سٹنٹ پرومس پریمیئر کی قیمت 58765 روپے، امریکی سٹنٹ ڈیسائن ایکس ٹو کی قیمت 72450 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح جاپانی کارڈیک سٹنٹ الٹی ماسٹر کی قیمت 65507 روپے اور اٹالین، ترکش کارڈیک سٹنٹ کریٹ ایمپیلیمس کی قیمت 53130 روپے مقرر کی ہے۔ گذشتہ ماہ بھی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے غیر ملکی کارڈیک سٹنٹس کی قیمتوں کا تعین کیا تھا، امریکی، جرمن، چینی اور سوئس ساختہ پندرہ سٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کی گئی تھی۔