طویل ڈیوٹی، محدود چھٹیاں اور ناقص خوراک، پولیس اہلکار بیمار پڑنے لگے

06-07-2023

(لاہور نیوز) لمبی ڈیوٹی کم چھٹیوں اور ناقص خوراک کے باعث پولیس اہلکار مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہیلتھ سکریننگ کے دوران 16 ہزار سے زائد پولیس ملازمین مختلف امراض میں مبتلا پائے گئے ہیں،لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 92 ہزار پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے، رپورٹس کے مطابق 9 فیصد پولیس اہلکار مختلف امراض کا شکار ہیں۔ سکریننگ رپورٹس کے مطابق 6 ہزار 200 پولیس اہلکار شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، 1800 پولیس ملازمین ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں، 5 ہزار 800 پولیس ملازمین ہیپاٹائٹس سی جبکہ 1 ہزار 650 ملازمین ہیپاٹائٹس  بی کے مریض ہیں، عارضہ قلب، جگر، گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کی تعداد 540 ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک سو90 پولیس کے ڈرائیورآنکھوں کے عارضے میں مبتلا ہیں، 94 کو آنکھ کی بیماری شدید ہونے پر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، لاہور پولیس کے 35 ہزار میں سے 16 ہزارکے قریب ملازمین کی سکریننگ ہو چکی ہے، رواں ماہ صوبہ بھر میں سکریننگ کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ حکام نے مزید بتایا ہے کہ سکریننگ میں رپورٹس ٹھیک نہ آنے والے ملازمین کا علاج معالجہ شروع کروا دیا گیا ہے، ہرضلع میں ملازمین کی صحت یابی تک علاج کی تمام سہولیات محکمہ کی جانب سے فراہم کی جارہی ہیں۔