غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

06-07-2023

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی اور رائے ممتاز کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ علی رضا نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، صدر پی ٹی آئی کی جانب سے رانا انتظار عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ چیلنج کیا ہے جس پر عدالت نے جواب دیتے ہوئے کہا رانا انتظار صاحب آپ پہلے اس درخواست کو نمٹا لیں۔ پراسیکیوشن رانا انتظار نے کہا ہمیں اس متعلق معلوم نہیں تھا جس پر عدالت نے کہا کہ چلیں 2 بجے تک انتظار میں رکھتے ہیں، 2 بجے آ جائیں۔ یاد رہے کہ پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی کے ریکارڈ میں ردوبدل کر کے بھرتیوں کا الزام ہے، پرویز الہٰی کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔