تھانہ برکی کی حدود میں بینک ڈکیتی، واردات کا مقدمہ بینک آفیسر کی مدعیت میں درج

06-06-2023

(لاہور نیوز) لاہور میں تھانہ برکی کی حدود میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی کے معاملے پر واردات کا مقدمہ بینک آفیسر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی جس میں 5 ڈاکوؤں کو بینک میں داخل ہوتے اور واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ عملے کو یرغمال بنایا، سکیورٹی گارڈز سے اسلحہ چھینا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ دو ڈاکوؤں کے چہرے واضح نظر آ رہے ہیں۔ ڈاکوؤں نے بینک سے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد کی نقدی لوٹی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کا عمل جاری ہے، جلد گرفتاری عمل میں آئے گی۔ بینک ملازمین کے بھی بیانات قلم بند کیے گئے ہیں۔