ڈرامہ نگار اور اداکار ڈاکٹر انور سجاد کی آج چوتھی برسی ہے
06-06-2023
(لاہور نیوز) ممتاز ادیب، ڈرامہ نگار اور اداکار ڈاکٹر انور سجاد کی آج چوتھی برسی ہے۔
ڈاکٹر انور سجاد 27 مئی 1935ء کو چونا منڈی لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام سیّد محمد سجاد انور علی بخاری تھا۔ ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد طبی تدریس کے لئے لاہور کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی لیکن طبیعت اور رجحان فنون لطیفہ کی طرف مائل تھا۔ ڈاکٹر انور سجاد کی مشہور تصانیف میں چوراہا، جنم کا روپ، خوشیوں کا باغ اور نیلی نوٹ بک شامل ہیں۔ وہ صدا کاری اور اداکاری کا بھی شوق رکھتے تھے۔ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لئے ڈرامے لکھے۔ ان کے لکھے ٹی وی ڈرامے ناظرین میں کافی مقبول ہوئے۔ انہوں نے طویل دورانیہ کے کھیل بھی تحریر کئے جن میں پکنک، رات کا پچھلا پہر، کوئل، صبا اور سمندر اور یہ زمیں میری ہے قابل ذکر ہیں۔ ان کی ایک ڈرامہ سیریز ’’زرد دوپہر‘‘ نے بہت شہرت پائی۔ ڈاکٹر انور سجاد لاہور آرٹس کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔ 1989ء میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔ ڈاکٹر انور سجاد 6 جون 2019ء کو لاہور میں وفات پا گئے اور وہیں آسودہ خاک ہیں۔