توانائی بچت پلان: مارکیٹیں مستقل رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز

06-06-2023

(ویب ڈیسک) قومی اقتصادی کونسل میں پیش توانائی بچت پلان میں مارکیٹیں مستقل رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصلے سے 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی۔

توانائی بچت پلان قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں پیش کردیا گیا، جس میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس فیصلے سے سالانہ 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں مارکیٹیں جلد بند کرنے سے 28 لاکھ 50 ہزار یونٹ بجلی بچے گی۔ توانائی بچت پلان کے تحت عام بلب کے استعمال پر پابندی کی بھی تجویز ہے، جس کے ذریعے 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بچت متوقع ہے، عام بلب کے استعمال پر پابندی سے ایک ارب یونٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق واٹر گیزر کی مد میں 41 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے ڈسکوز اور گیس کمپنیوں کیلئے لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جبکہ قومی انرجی بچت پلان پر عمل درآمد کو بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے وفاق اور صوبوں کو قومی توانائی بچت پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔