گوجرانوالہ میں 6ویں نیشنل ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد

06-06-2023

(ویب ڈیسک)6ویں نیشنل ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں سے شریک خواتین اور مرد ریسلرز نے ٹانگوں اور بازوؤں کے زور سے اپنے مخالف حریف سے چھڑی چھیننے کیلئے خوب زور لگایا۔

گوجرانوالہ میں ہونے والی نیشنل ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت مختلف محکمہ جات سے آئے 200 سے زائد مرد اور خواتین ریسلرز نے شرکت کی، ان مقابلوں میں پہلوان ٹانگوں اور بازوؤں کے زور سے مخالف حریف سے چھڑی چھینتے رہے، پہلوانوں نے اپنی مہارت اور جسمانی صلاحیتوں کے ایسے جوہر دکھائے کہ شائقین داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ منتظمین کے مطابق اس چمپیئن شپ کا مقصد آئندہ سال ایشین گیمز اور ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچنا ہے، مقابلوں کے دوران صنف نازک بھی جیت کیلئے خوب زور آزمائی کرتی نظر آئیں، کھلاڑیوں نے ان مقابلوں کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر اگر ان کی سپورٹ کی جائے تو آئندہ سال ہونے والے ماس ریسلنگ ورلڈکپ میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں۔