کسٹمز حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر کرنسی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

06-06-2023

(لاہور نیوز) کسٹمز حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کرنسی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے خفیہ اطلاع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 263 سے کرنسی سمگلنگ کی کوشش کرنے والے ملازم کو گرفتار کرلیا، کسٹمز حکام نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز راجہ بلال نسیم کی سربراہی میں کارروائی مکمل کی۔ کسٹمز حکام نے ملزم سے 3 لاکھ 48 ہزار سعودی ریال برآمد کر لیے جن کی پاکستانی کرنسی میں مالیت ساڑھے تین کروڑ بنتی ہے جبکہ گرفتار ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ چیف کلکٹر مرزا مبشر بیگ اور کلکٹر مہرین نسیم کی ہدایات پر منی لانڈرنگ اور سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔