حادثات میں مفلوج ہونیوالوں کے علاج معالجے کیلئے حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام

06-06-2023

(لاہور نیوز) حادثات میں مفلوج ہونیوالے افراد کے علاج اور بحالی کے لیے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے لیے پیرالیجک (Paralagic) سروسز کا آغاز کر دیا۔

حکومت کے اس اقدام سے ٹریفک اور دیگر حادثات میں چوٹ لگنے سے مفلوج ہونے والے افراد کا علاج ممکن ہوگا، فالج کے خطرے سے دوچار زخمی مریضوں کو پیرالیجک ری ہیبلی ٹیشن سنٹر میں فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی، فوری علاج سے مریض کے مفلوج ہونے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔ ٹراماسپائنل کارڈ سرجری کیلئے پہلی مرتبہ پنجاب میں 5 سنٹرز قائم کئے جائیں گے، صوبہ بھر میں ایک حب سنٹر اور چار سیٹلائٹ مراکز پر پیرالیجک سروسزمیسر ہوں گی، ملتان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں حادثات میں مفلوج افراد کے لئے خصوصی مرکز قائم کیا جائے گا، لاہور کے سمن آباد ہسپتال، فیصل آباد جنرل ہسپتال میں پیرالیجک سروسزمیسر ہوں گی، واہ کینٹ اور تونسہ کے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بھی پیرالیجک سروسزکا آغاز کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کا فوری علاج کیا جائے گا، سپائنل کارڈ انجری کی صورت میں بحالی کے لئے جدید فزیو تھراپی مشینیں بھی میسر ہوں گی، معذوری کے شکار افراد کی بحالی کے لئے مصنوعی اعضا کی ورکشاپ قائم ہو گی۔  مصنوعی اعضا کی ورکشاپ کو آؤٹ سورس کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا، نگران صوبائی کابینہ نے پیرالیجک ری ہیبلی ٹیشن سنٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی۔