ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج بدستور جاری، مریض رُل گئے
06-06-2023
(لاہور نیوز) چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے، شہر بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔۔
ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں کی او پی ڈیز بدستور بند ہیں، ایک اندازے کے مطابق ایک بڑے ٹیچنگ ہسپتال میں یومیہ 4 سے 5 ہزار مریض رپورٹ ہوتے ہیں، ہڑتال کے باعث اب تک دو لاکھ سے زائد مریض علاج معالجہ سے متاثر ہو چکے ہیں ۔ صوبائی دارالحکومت میں چلڈرن ہسپتال، جناح ہسپتال ، جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں میں او پی ڈی بند ہیں، سروسز ہسپتال اور میو ہسپتال کی اوپی ڈیز پر تالے پڑے ہیں، او پی ڈیز کی بندش سے مریض بے حد پریشان ہیں جو بار بار ہسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، تالے لگی خالی او پی ڈیز کے دروازوں کے پاس مریض ڈاکٹروں کے منتظر اور بے بسی کی تصویر بنے ہیں۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ سینئر ڈاکٹرز کی مدد سے بھی او پی ڈیز بحال نہیں کراسکی، ینگ ڈاکٹرز کے ہسپتالوں میں سکیورٹی بل سے متعلق محکمہ صحت سے کیے جانے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں، ڈاکٹروں کی سیکورٹی کا بل منظور کیا جائے، ڈاکٹرز کو ہیلتھ و پروفیشنل الاوئنس اور کے پی آئی الاؤنس دیا جائے۔