الیکشن کی آمد آمد، لیگی اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کی سفارش

06-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سابقہ لیگی اراکین صوبائی اسمبلی و موجودہ اراکین اسمبلی کے حلقوں کو فنڈز دینے کی سفارشارت کردیں۔

ذرائع کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سابقہ لیگی اراکین صوبائی اور موجودہ اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کی ترقیاتی اسکیموں کو بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت میں لیگی اراکین کے  صوبائی حلقوں کو 2 ارب روپے سے زائد کا فنڈ دینے کی سفارشات کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور میں لیگی قومی اراکین اسمبلی کو بھی فی کس 10 کروڑ روپے دینے کی سفارشات ہیں، ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز کو بھی فی کس 10 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے، ایوان وزیر اعلی پنجاب نے ضلعوں سے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختلف سفارشات طلب کی تھیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نگران حکومت مذکورہ فنڈ دینے کی سفارشات پر حتمی فیصلہ کرے گی، دوسری جانب چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے چار ماہ کے صوبائی بجٹ میں نئی اسکیموں کو شامل کرنے سےانکار کر دیا ہے۔