پنجاب حکومت سے شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

06-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے اور مقدمات کی لسٹ فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شاہ محمود قریشی کی بیٹی گوہر بانو کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستگزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی سابق وزیر خارجہ اور سیاسی جماعت کے اہم رہنما ہیں، خدشہ ہے نو مئی کے بعد درج کسی خفیہ مقدمے میں پولیس شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرلے گی، نو مئی کے واقعات کے بعد درج خفیہ مقدمات کی معلومات فراہم کی جائیں۔ درخواستگزار نے ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ عدالت شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے بعد خفیہ مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت نے پنجاب حکومت سے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل تک طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔