گزشتہ ماہ میں مہنگائی 38 فیصد کو چھو گئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری
06-05-2023
(لاہور نیوز) ماہ مئی کے دوران مہنگائی کی شرح 38 فیصد کو چھو گئی، ادارہ شماریات نے گزشتہ ماہ کے دوران مہنگائی پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔
ادارہ شماریات کے جاری اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافے کا رجحان گزشتہ ماہ میں بھی برقرار رہا، اپریل کے مقابلے میں مئی میں مہنگائی 1.58 فیصد بڑھی، گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی میں 1.69 فیصد اضافہ ہوا جب کہ شہری علاقوں میں مہنگائی 1.50 فیصد بڑھی۔ اعداد و شمار کے مطابق آلو 17.2 ، گڑ 15.7 ،چکن 11.30 فیصد مہنگا ہوا، ایک ماہ میں انڈے 7 ، آٹا 6.4 گوشت 4.6 اور دال ماش 3.6 فیصد مہنگی ہوئی، مئی 2022 کے مقابلے میں مئی 2023 میں سگریٹس 148.3 اور چائے 79.3 فیصد مہنگی ہوئی، ایک سال میں آلو 108 ، آٹا 99 اور گندم 94.8 فیصد مہنگی ہوئی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں انڈے 90.2 ، چاول 85 اور دال ماش 58.2 فیصد مہنگی ہوئی، اسی عرصے میں دال مونگ کی قیمت میں 57.7 ، پھلوں کی قیمت میں 53 اور چینی کی قیمت میں 41 فیصد اضافہ ہوا، درسی کتب کے نرخ 114 اور اسٹیشنری کے ریٹ 79.3 فیصد بڑھے ۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ موٹر فیول 69.9 ، گیس 62.8 اور بجلی 59.2 فیصد مہنگی ہوئی، گاڑیوں کے آلات کی قیمتوں میں 45 اور گھریلو سامان کے ریٹس میں 41 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تعمیراتی سامان اور گاڑیاں 38 فیصد مہنگی ہوئیں۔