وزیراعظم شہباز شریف دورہ ترکیہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
06-04-2023
( لاہور نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے نومنتخب صدر طیب اردوان کی دعوت پر 2 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کے دوران ترکیہ کے نومنتخب صدر طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندگان سے ملاقاتیں بھی کیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ترکیہ کے کاروباری گروپس اور کمپنیوں کے سربراہوں کیساتھ ملاقاتیں مثبت رہیں، زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 31 مئی کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی سامان کے تاریخی معاہدے کے فعال ہونے کے بعد باہمی تعاون کے دلچسپ مواقع سامنے آئے ہیں، اگلے 3 سالوں میں دوطرفہ تجارتی حجم کو سالانہ 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ شراکت داریوں کو آگے بڑھانے اور نئے منصوبوں کے قیام میں ترک کاروباری برادری کی دلچسپی خوش آئند ہے۔