لیز تنازعے پر ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ وطن واپس پہنچ گیا
06-04-2023
(لاہور نیوز) ملائیشیا کے ایئر پورٹ پر روکا جانے والا پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیارے نے 10:57 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، پی آئی اے طیارے کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر روکا گیا تھا، ملائیشیا کی عدالت نے روکے جانے کا اقدات معطل کر کے قومی ایئر لائن کے طیارے کو وطن واپسی کی اجازت دی تھی۔ 26 مئی کو ملائیشیا کی مقامی عدالت نے بغیر پی آئی اے کو طلب یا نوٹس کیے طیارہ روکنے کے احکامات جاری کیے تھے،جس کے بعد طیارہ روکنے کے احکامات 29 مئی کو طیارے کی روانگی سے چند منٹ قبل پی آئی اے اور ایئر پورٹ حکام کو وصول کروائے گئے۔ ملائیشیا کی عدالت نے لیزنگ کمپنی کی درخواست پر پی آئی اے کے طیارے کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر روک لیا تھا، طیارہ 29 مئی سے کوالالمپور ایئر پورٹ پر کھڑا تھا،پی آئی اے اور آئرش لیزنگ کمپنی کے درمیان طیارے کے انجن کی لیز فیس کا تنازع ہے، بوئنگ 777 روکے جانے سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔