نگران وزیراعلیٰ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے متحرک

06-04-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے متحرک ہو گئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات دور کرنے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر دیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پولیس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے سسٹم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں، تمام کمشنرز، آر پی اوز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز متعلقہ شہروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ محسن نقوی نے انتظامی و پولیس افسران کو ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات دور کرکے ہر ماہ وزیراعلیٰ آفس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شکایت پر ہونے والی پیشرفت سے متعلقہ اوورسیز پاکستانی کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹائم فریم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  ہر شکایت کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے، پورٹل، فون یا بذریعہ ڈاک آنے والی شکایات پر روایتی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ آفس میں بھی متعلقہ افسران اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کو مانیٹر کریں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی یا جائیداد پر قبضہ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اوورسیز پاکستانی بیرون ملک وطن کے سفیر ہیں اور ان کی شکایات کا فی الفور ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔