ٹیلی کام مشینری کی درآمدات میں 10 ماہ کے دوران 68 فیصد کمی

06-04-2023

(ویب ڈیسک) ٹیلی کام مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 68 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات سے جاری اعدادوشمار کےمطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں ٹیلی کام مشینری کی درآمدات کا حجم 779 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کےمقابلہ میں 68 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیلی کام مشینری کی درآمدات پر 2.41 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ اپریل میں 35 ملین ڈالر مالیت کی ٹیلی کام مشینری درآمد کی گئی جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 88 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اپریل میں ٹیلی کام مشینری کی درآمدات کا حجم 277 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مارچ میں ٹیلی کام مشینری کی درآمدات 36 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو اپریل میں 4 فیصد کم ہو کر 35 ملین ڈالر ہو گئی۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات میں مجموعی طورپر 49 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔