محسن نقوی کا لودھراں میں طالبہ سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب
06-04-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لودھراں میں طالبہ سے زیادتی اور ویڈیو بنانے کے واقعہ کا نوٹس لیکر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ طالبہ سے زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزم قانون کے تحت کڑی سزا سے نہیں بچ پائے گا، طالبہ سے زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، طالبہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے لودھراں میں لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ویڈیو بھی بنائی گئی، ملزم ویگن کنڈیکٹر ہے جو ایم ایس سی کی طالبہ کو بُک سینٹر سے ورغلا کر ایک مکان میں لے گیا اور اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد ویڈیو بھی بنالی۔ لودھراں پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم ویگن کنڈیکٹر عمران کو گرفتار کر لیا۔