آپ کے بچوں کا پلاسٹک کے کھلونوں سے کھیلنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے

06-04-2023

(ویب ڈیسک) بچوں کے پلاسٹک کے کھلونوں، بوتلوں یا ٹفن سے نکلنے والے پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے انہیں مختلف امراض کے خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

5 ملی میٹر سے کم سائز کے چھوٹے پلاسٹک کے ٹکڑے (مائیکرو پلاسٹک) نہ صرف ہمارے ماحول اور گردونواح بلکہ ہماری صحت کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔ پلاسٹک کی بوتلوں، ٹفن، کنٹینرز، چپس کے پیکٹ اور ایک بار بھی استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیا سے نکلنے والے مائیکرو پلاسٹک ہمارے جسم میں داخل ہوتے ہیں۔ یہ ذرات سمندروں، دریاؤں، مٹی اور یہاں تک کہ ہوا میں بھی پائے جاتے ہیں۔ چھوٹے بچوں میں مائیکرو پلاسٹک کا خطرہ اس لیے زیادہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ انہیں روزمرہ استعمال کی چیزیں منہ میں ڈالنے کی عادت ہوتی ہے۔ مائیکرو پلاسٹک ہاضمے کے مسائل، سوزش اور غذائی اجزاء کے جذب میں خلل پیدا کرسکتے ہیں۔ یہ جنین کی نشوونما تک کو متاثر کرسکتے ہیں۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ آپ خود کو اور اپنے اہلخانہ کو مائیکرو پلاسٹک کی نمائش سے حتیٰ الامکان بچانے کی کوشش کریں۔ بھارتی کنسلٹنٹ نیونیٹولوجسٹ اینڈ پیڈیاٹریشن ڈاکٹر جگدیش کٹھوَتی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مائیکرو پلاسٹک صحت کے مختلف مسائل جیسے تولیدی اور موٹاپا، اعضاء کے مسائل اور یہاں تک کہ بچوں میں نشوونما تک کو متاثر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید خطرناک بات یہ ہے کہ ہمارے اندر محض کھانے، پینے اور سانس لینے کے ذریعے پلاسٹک کے ٹکڑے داخل ہو رہے ہیں۔ ایسے میں والدین کا اپنے بچوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔