چودھری پرویز الہٰی کو آج مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان
06-04-2023
(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو آج ضلع کچہری کے ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو دو مقدمات میں عدالت سے رہائی کے بعد گوجرانوالہ سے تیسرے مقدمے میں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ گوجرانوالہ کی عدالت نے پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہٰی کو عدم ثبوت پر دو مقدمات میں بری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اینٹی کرپشن حکام نے عدالتی فیصلے سے پہلے ہی پرویز الہٰی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ تیسری بار گرفتاری سے متعلق اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، یہ مقدمہ لاہور میں درج ہے۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے صدر تحریک انصاف کو ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کرنے کیلئے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا ہے کہ بھرتی کے عمل میں گھپلوں کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں، انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئی ہیں، بھرتیوں میں کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں، اینٹی کرپشن لاہور نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کی 12 جعلی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کو گرفتار کیا ہے۔