چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کا معاملہ، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رہی

06-03-2023

(لاہور نیوز) چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے معاملے پر سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بندرہی۔ درد سے کراہتے ہوئے مریضوں کی زندگی مزید دشوار ہو گئی۔

زخمی ڈاکٹر کے ساتھیوں کا چوتھے روز بھی احتجاج جاری رہا۔ چلڈرن ہسپتال کے ساتھ ساتھ  جنرل ہسپتال، جناح اور میو ہسپتال کے او پی ڈیز بھی بند ہیں۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور دہشت گردی کی دفعات کے ساتھ  ایف آئی آر کے اندراج کے بعد بھی ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے جب تک  مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی کام نہیں کریں گے۔ ینگ ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک او پی ڈیز میں کام شروع نہیں کریں گے۔ دوسری جانب او پی ڈیز بند ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔