رواں سال پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گے، محسن نقوی

06-03-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ رواں سال پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ پنجاب میں 10 برس کے بعد تقریباً 45 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کی جا رہی ہے۔ 15جون تک 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کپاس کی بوائی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ محسن نقوی نے کپاس کی بوائی کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے انسداد کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا۔ اجلاس میں اصلی زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سٹالز اور سینٹرز قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا 3 ڈویژن میں کاٹن سے متعلق امور کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ سیل بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے پر سیکرٹری زراعت، کمشنرز اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب و دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔