رواں مالی سال 32 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہو گیا

06-03-2023

(لاہور نیوز) رواں مالی سال 32 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہو گیا۔ تجارتی خسارے میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

شماریات بیورو نے رواں مالی سال جولائی سے مئی تک کے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیئے۔  32 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کے برعکس 11 ماہ میں برآمدات 25 ارب 36 کروڑ ڈالر رہیں۔ آئندہ مالی سال 2023-24 کیلئے بھی 30 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال تجارتی خسارہ میں 40 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ رواں مالی سال جولائی سے مئی کے دوران  تجارتی خسارہ 25 ارب 79 کروڑ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران تجارتی خسارہ 43 ارب 40 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے مئی تک برآمدات 25 ارب 36 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات 51 ارب ڈالر رہیں۔ رواں مالی سال برآمدات گزشتہ مالی سال کی نسبت 12.14 فیصد کم ہوئیں۔ مئی 2023 کے دوران بھی برآمدات مئی 2022 کی نسبت 16.17 فیصد کم ہوئیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات 2 ارب 18 کروڑ ڈالر اور درآمدات 4 ارب 27 کروڑ ڈالر رہیں۔