بڑھتی عمر اور یادداشت کمزور ہو رہی ہے تو یہ چیزیں کھائیں

06-03-2023

(ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ عمر کے ساتھ ساتھ جو یادداشت اور سوچنے کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں، انہیں فلاوانولز (Flavanols) نامی غذائی اجزاء سے بہتر کیا جا سکتا ہے۔ یہ فلاوانولز چاکلیٹ اوربیریز میں پائے جاتے ہیں۔

نیورولوجی کے پروفیسر اور کولمبیا یونیورسٹی کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز میں الزائمر ڈیزیز ریسرچ سنٹر کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر سکاٹ سمال کا کہنا تھا کہ ہم نے فلاوانولز کے بائیو مارکرز کی مدد سے پایا کہ اگر جسم میں فلاوانولز کی نسبتاً کمی ہے تو یہ آپ کی عمر سے متعلق یادداشت میں کمی کا باعث بنے گی۔ ڈاکٹر نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے کہ جس طرح بچوں کو اپنے ترقی پذیر دماغ کے لیے مخصوص غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح عمر رسیدہ دماغ کو بھی بہترین صحت کے لیے مخصوص غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے اور بہتر یادداشت کیلئے مطلوبہ جُز فلاوانولز ہے جو چاکلیٹس اور بیریز میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سائنسدان ایسے غذائی اجزاء کی ایک سیریز پر غور کر رہے ہیں جن کی عمر رسیدہ جسم اور دماغ کو ضرورت ہوتی ہے۔ مذکورہ بالا تحقیق امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اور مارس ایج کی طرف سے فنڈ کی گئی تھی۔