قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے مطمئن

06-03-2023

( ویب ڈیسک ) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپیئن ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ انتہائی کم عرصے کی پریکٹس کے باوجود جونیئر پلیئرز نے جونیئر ایشیا کپ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔

اپنے ایک بیان میں قومی کوچ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں ہار گئے لیکن اس کے ساتھ خوشی بھی ہے کہ بہت کم عرصے کی پریکٹس کے باوجود جونیئر پلیئرز نے بہت اچھا کھیل پیش کیا جبکہ دوسری جانب بھارت کی جونیئر ٹیم 3 سال سے مسلسل کھیل رہی ہے۔ ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے پلیئرز نے بہترین پرفارمنس دی اور ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا، ہماری پوری توجہ جونیئر ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مینجمنٹ اور کوچز کھلاڑیوں پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، جونیئر ورلڈ کپ میں کھلاڑی اس سے بھی اچھا کھیل کر پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔