کمشنر لاہور کا زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ
06-02-2023
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا۔
چیف انجینئر اسرار سعید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کمشنر لاہور کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ آن سائٹ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکبر چوک منصوبے پر دن رات کام تیزی سے جاری ہے۔ جناح ہسپتال سے پیکو موڑ دونوں اطراف فلائی اوورز کی تعمیر جاری ہے۔ منصوبے کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔ کمشنرلاہور نے منصوبے میں شامل چاروں پروٹیکٹڈ یوٹرن پر بھی کام کے فوری آغاز کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے کی تعمیر کے دوران دیگر الائیڈ محکموں کو ایل ڈی اے ٹیموں کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے گرد ٹریفک کی روانی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا ترقیاتی کاموں کے گرد شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر لاہور کی ہدایت پر اکبر چوک، شوق چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ اور مادرملت پر پروٹیکٹڈ یوٹرن بنیں گے۔