ایل ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ نااہلی، چیف انجینئر ٹیپا کی سیٹ تین ہفتوں سے خالی

05-30-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ نااہلی کے باعث ذیلی ایجنسی ٹیپا کے چیف انجینئر کی سیٹ پر تین ہفتوں بعد بھی تعیناتی نہ ہو سکی۔

ایل ڈی اے کی ذیلی ایجنسی ٹیپا کے چیف انجینئر کی مدت ملازمت 9 مئی کو مکمل ہو چکی ہے، گزشتہ 21 روز سے چیف انجینئر ٹیپا کی اہم سیٹ خالی ہے، ایم ڈی اور چیف انجینئر ٹیپا کی خالی سیٹ کے سبب محکمانہ امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ ٹیپا حکام گزشتہ اکیس روز سے ٹریفک انجینئرنگ کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کرسکے، بلڈنگ پلان کی منظوری، نقشہ منظوری اور دیگر ٹریفک کے این او سیز بھی رک گئے ہیں، شہر لاہور میں نئی بلڈنگز کے پلان کی منظوری کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے۔ ایل ڈی اے انتظامیہ نئے چیف انجینئر کی تعیناتی سے متعلق تاحال تذبذب کا شکار ہے۔